اسلام آبادہائیکورٹ نے ابرارالحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا،عدالت نے تعیناتی پر وفاقی حکومت سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا،چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ آئندہ سماعت تک ابرارالحق کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل رہے گا۔
اسلام آبادہائیکورٹ میں ابرارالحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کی ،اٹارنی جنرل انور منصور بغیر نوٹس کے عدالت کے سامنے پیش ہوئے ،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ابھی تو نوٹس بھی نہیں ہوئے اور اٹارنی جنرل موجود ہیں،پہلے کیس بتائیں میں نے فائل نہیں پڑھی۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا قانون بتائیں کیا یہ تعیناتی خاص مدت کی تقرری ہوتی ہے،چیئرمین کو ہٹانے کا طریقہ کہاں لکھا ہے؟وکیل درخواست گزارنے کہا کہ رولز میں چیئرمین کو ہٹانے کا کوئی طریقہ موجود نہیں۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ ایگزیکٹو کے پاس اختیار ہے کسی وقت بھی چیئرمین کو برطرف کردے،چیئرمین کی برطرفی کانوٹیفکیشن چیلنج نہیں کیا گیا،اٹارنی جنرل نے کہا کہ چیئرمین کے خلاف کوئی الزام نہیں اس لیے ان کو کوئی نوٹس نہیں کیاگیا۔
عدالت نے ابرارالحق کی بطورچیئرمین ہلال احمر تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ آئندہ سماعت تک ابرارالحق کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل رہے گا ،عدالت نے اٹارنی جنرل، اسٹیلبشمنٹ ڈویژن ،ابرارالحق اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا،کیس کی سماعت 29 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔