حسن نواز کے فلیٹ میں نواز شریف کیلیے طبی سہولتوں سے آراستہ ایک کمرہ مخصوص کیا گیا ہے۔فائل فوٹو
حسن نواز کے فلیٹ میں نواز شریف کیلیے طبی سہولتوں سے آراستہ ایک کمرہ مخصوص کیا گیا ہے۔فائل فوٹو

نواز شریف علاج کیلیے لندن پہنچ گئے،آج طبی معائنہ کیا جائے گا

نواز شریف علاج کے لیے لندن پہنچ گئے جہاں انہوں نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں قیام کیا اور آج ان کا ڈاکٹرز سے پہلا اپائنٹمنٹ ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف قطر ائیرلائنز کی پرواز A7MED کے ذریعے لاہور سے پہلے دوحہ اور پھر دوحہ سے لندن پہنچے۔

نواز شریف کو لے کر قطر ائیرویز کے طیارے نے صبح ساڑھے 10 بجے اڑان بھری جبکہ لندن میں طیارے نے پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بج کر33 منٹ پر ہیتھرو ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔

نواز شریف ایئرپورٹ سے لندن کے علاقے پارک لین میں واقع ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پہنچ گئے جہاں پہلے سے موجود کارکنوں نے ان کا استقبال کیا اوران کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

ائیرپورٹ سے نواز شریف اپنے بیٹے حسن نواز کے گھر روانہ ہوئے، پارک لین فلیٹس میں قیام کے بعد طبی معائنے کے لیے بدھ کو ہارلے اسٹریٹ کلینک جائیں گے۔

نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کے فلیٹ میں نواز شریف کیلیے طبی سہولتوں سے آراستہ ایک کمرہ مخصوص کیا گیا ہے جس میں ضروری طبی آلات نصب کرنے کا عمل گزشتہ ہفتے سے جاری تھا۔

نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف کے ساتھ ان کے بھائی شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی موجود ہیں۔

نواز شریف صحت یاب ہوکر وطن واپس لوٹیں گے، شہباز شریف

لندن پہنچنے کے بعد ان کے استقبال کے لیے آنے والوں میں شامل نواز شریف کے بیٹے حسین نواز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہماری سب سے پہلی ترجیح والد کا علاج کرانے کی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف خیریت سے لندن پہنچ گئے ہیں کسی پیچیدگی کا سامنا نہیں ہوا، وہ صرف علاج کی غرض سے لندن آئے ہیں، بدھ کو ان کا ڈاکٹر کے ساتھ اپائنٹمنٹ ہے انشا اللہ وہ صحت یاب ہوکر وطن واپس لوٹیں گے، دعاکریں کہ نوازشریف کاعلاج مکمل ہواوروہ وطن واپس جائیں۔

سفر کے دورن کوئی طبی پیچیدگی نہیں ہوئی، مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اللہ تعالی کی رحمت اور قوم کی دعاوٴں سے قائد محمد نواز شریف بحفاظت لندن پہنچ گئے ہیں، اللہ تعالی کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہیں کہ سفر کے دوران کوئی طبی پیچیدگی نہیں ہوئی اب محمد نواز شریف کا برطانیہ میں معالجین معائنہ کریں گے، قوم کی دعاوٴں پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ان سے اپیل ہے کہ دعاوٴں کا یہ سلسلہ جاری رکھیں۔