پاکستان دشمن فنڈنگ بھی پی ٹی آئی کو ملتی رہی ہے۔فائل فوٹو
پاکستان دشمن فنڈنگ بھی پی ٹی آئی کو ملتی رہی ہے۔فائل فوٹو

اپوزیشن کا الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج

اپوزیشن نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہراحتجاج کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کا غیر رسمی اجلاس ہوا جس میں اکرم خان درانی ،احسن اقبال، طاہربزنجو، نیئربخاری، میاں افتخار، عثمان کاکڑاورفرحت اللہ بابر شریک ہوئے۔

رہبرکمیٹی نے پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کرانے کیلیے دباؤ بڑھانے اور الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کا فیصلہ کیا جبکہ فارن فنڈنگ کیس پراعلی عدلیہ سے رجوع کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد رہبر کمیٹی کے ارکان پارلیمنٹ ہائوس سے پیدل ہی احتجاج کے لیے الیکشن کمیشن پہنچے۔ ارکان اسمبلی نے احتجاج کرتے ہوئے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی روانہ کی بنیاد پر سماعت کا مطالبہ کیا۔

رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی نے کہا کہ کیس میں تاخیرملک کے لیے نقصان دہ ہے، الیکن کمیشن سے درخواست ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر تحقیقات کی جائےاور کیس کا جلد فیصلہ کرے، جس روز فیصلہ آئے گا تو پوری تحریک انصاف ختم ہو جائے گی۔

ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی نے درجنوں بےنامی اکاؤنٹس رکھے اوران کی تفصیلات پیش نہیں کیں،پاکستان دشمن فنڈنگ بھی پی ٹی آئی کو ملتی رہی ہے، امریکا،یورپ،بھارت،مشرق وسطیٰ سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ذاتی اکاؤنٹس میں پیسے آتے تھے۔

انہوں نے کہاکہ بیرون ملک سے پیسہ عمران خان کے اکاؤنٹ میں آتا تھا، اگلے مہینے چیف الیکشن کمشنرریٹائرہوجائیں گے، پی ٹی آئی کوشش کررہی ہےکہ الیکشن کمیشن کی تشکیل ختم ہوجائے تاکہ مقدمے کی کارروائی غیرموثرہوجائے۔

پی پی پی رہنما نیر بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف تحقیقات جلد از جلد کی جائے، قوم مطالبہ کررہی پی ٹی آئی تلاشی دے، کیونکہ انصاف میں تاخیر انصاف کاقتل ہے۔