وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خفت مٹانے کیلیے قوم کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش نہ کریں۔
افتخار درانی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ علی بابا بھاگ گیا، اس کے سہولت کار الیکشن کمیشن کے سامنے جمع ہیں۔ نیب کے سارے مطلوب افراد الیکشن کمیشن کے سامنے چیخ پکار کر رہے ہیں۔ جو جتنا بڑا چور ہے، اتنی ہی بلند آواز میں چیخ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک مایوس اور جماعت سے باہر پھینکے گئے شخص نے قوم کا وقت ضائع کرنے کیلیے فارن فنڈنگ کا ڈرامہ رچایا۔ ن لیگ نے سپریم کورٹ میں اسی نوعیت کی کوشش کی اور بری طرح ناکام رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملک میں پولیٹیکل فنانس متعارف کرانے والی پہلی جماعت ہے۔ تحریک انصاف کی مالیات نہایت پیشہ وارانہ انداز میں مرتب کی جاتی ہیں۔عمران خان کو سپریم کورٹ نے صادق اور امین جبکہ ان کے قائد کو بد دیانت اورخائن قرار دیا۔