رہبر کمیٹی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت کے معاملے پرچیف الیکشن کمشنر نے رہبرکمیٹی کی درخواست منظورکرلی۔
نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ فارن فنڈنگ کیس کو جلد نمٹائے ۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)رضا خان اور ممبر خیبرپختونخوا جسٹس (ر)ارشادقیصرنے فیصلہ سنایا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن سماعت کیلیے پہلے ہی 26 نومبر کی تاریخ مقررکرچکا ہے، 26 نومبر سے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پرہوگی،الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے 18 ایسے اکاؤنٹس پر جواب مانگ رکھا ہے جو سالانہ گوشوراروں میں ظاہر نہیں کیے گئے تھے۔
رہبر کمیٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں بدھ کے روز درخواست دائر کی گئی تھی کہ الیکشن کمیشن کے غیر فعال ہونے سے قبل تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا جائے اوراس مقصد کیلیے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے کہ سکروٹنی کمیٹی کو کام سے روکا جائے۔
اپوزیشن کے اقدام اور اس پرالیکشن کمیشن کا جواب آنے پر حکومت نے بھی ردعمل دیا ہے۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو یرغمال بنا کراثرانداز ہونے کی مذموم کوشش کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ہم اپنے موقف اور نظریے پر ڈٹ کر کھڑے ہیں،دوسروں کی طرح احتساب سے راہ فرار اختیارکرنے والے نہیں۔
گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے بھی کارکنوں کو پیغام دیا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس پر پریشان نہ ہوں اس میں کچھ نہیں ہے۔