وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گرفتار ٹارگٹ کلر کو نہ میں جانتا اور نہ کبھی ملا، یہ سب میرے خلاف سازش ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم (لندن) کے گرفتار ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کو نہ میں جانتا اور نہ کبھی ملا، کل رات ایک ویڈیو آئی جس میں ایک دہشت گرد سے کہلوایا گیا کہ میں نے اس سے ملاقات کی تاہم اسٹوری جس نے تیار کی اس کی تہہ تک پہنچ گیا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم 2017 میں پاکستان رینجرز کی حراست میں تھا، کس کی رسائی اس دہشت گرد تک تھی، لگتا ہے متعلقہ ایس ایس پی میرے خلاف سازش میں ملوث ہے تاہم ڈی جی رینجرز سے اس حوالے سے بات کروں گا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو پہلے بھی کابینہ سے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں اور پارٹی پالیسی کے لحاظ سے ہدایات دیتے ہیں، یہ عام سی بات ہے، جو بھی میڈیا میں آیا سب غلط تھا، کابینہ میں کبھی بھی ردوبدل ہو سکتا ہے جب کہ کابینہ میں ردوبدل اپنی مرضی سے کروں گا کسی سے پوچھ کر نہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پولیس کو غلط نمبر پلیٹ والی گاڑی کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے، گاڑی کے خلاف ایف آئی آر بھی درج ہو گئی ہے، معلوم ہوا ہے کہ گاڑی گورنر ہاؤس کی ہے جب کہ گورنر صاحب ایف آئی آر درج ہونے پر تشویش بھی رکھتے ہیں۔