ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ کرنل ریٹائرڈ حبیب ظاہر کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جعلی ہے، ملک دشمن خفیہ ایجنسیاں ان کی گمشدگی میں ملوث ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہمیں بھارت سے کسی خیر کی توقع نہیں، ہم ہندوستان سے اچھے تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں تاہم وہ ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ہولناک خواب کی طرح جاری ہے جس کو 110 روز گزر چکے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں تمام ذرائع مواصلات اور ٹیلی فون وغیرہ مکمل بند ہیں، بھارتی قابض افواج نوجوانوں اور بچوں کو غیرقانونی طور پر حراست میں لے رہی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی مشکلات اور وہاں کی دگرگوں صورتحال کواجاگر کرتا رہے گا، اسی حوالے سے وزیر خارجہ کا خط اقوام متحدہ کے سیکیورٹی کونسل کے اراکین میں تقسیم بھی کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت فوری انٹرنیٹ سروس اور موبائل سروس بحال کرے اور سیاسی قیدیوں کو فوری رہا کیا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کرتار پور میں روزانہ پانچ ہزار یاتریوں کے آنے کی گنجائش ہے مگرآنے والے یاتریوں کی تعداد کم ہے، بھارت سیاچن پر قابض ہے، متنازع علاقے کو سیاحت کیلیے کیسے کھول سکتا ہے؟۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششیں جاری رہیں گی جب کہ ہمیں بھارت سے کسی خیر کی توقع نہیں ہے، ہم بھارت سے اچھے تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں تاہم وہ ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
ایک سوال پرترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی آباد کاری پر پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔جبکہ افغان طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات پر سرد مہری کے حوالے سے اطلاع نہیں۔