لاہور کی احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی، سابق وزیراعظم کے بھتیجے یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 دسمبر تک توسیع بھی دیدی گئی.
چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی احتساب عدالت میں پیشی، عدالت نے مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرلی۔ نیب کی جانب سے ریفرنس داخل کرنے تک حاضری سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔
چوہدری شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام، مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس احتساب عدالت میں پیش ہوئے، جج چودھری امیر محمد خان نے کیس پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے درخواست دی کہ نیب نے ابھی تک ریفرنس داخل نہیں کیا اور اس لیے مریم نواز کو عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔
مریم نواز کے امجد پرویز نے نشاندہی کی کہ قانون کے تحت ریفرنس داخل ہونے تک ملزم کو حاضری سے استثنیٰ دیا جاسکتا ہے۔ نیب کے وکیل حافظ اسد اعوان نے درخواست کی مخالفت کی اور استدعا کی کہ انہیں تحریری جواب کیلئے مہلت دی جائے لیکن عدالت نے یہ استدعا مسترد کر دی۔
امجد پرویز نے بتایا کہ نواز شریف علاج کیلیے بیرون ملک ہیں اس لیے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، عدالت نے استثنیٰ کی دونوں درخواستیں منظورکرلیں جبکہ یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 دسمبر تک توسیع کردی گئی۔ مریم نواز کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔