11 سالہ بچے عدیل خان کو سہیل ایاز کے ساتھیوں یونس وغیرہ نے اغوا کیا ہے۔فائل فوٹو
11 سالہ بچے عدیل خان کو سہیل ایاز کے ساتھیوں یونس وغیرہ نے اغوا کیا ہے۔فائل فوٹو

زیادتی کے شکار بچے کو دوبارہ اغوا کرلیا گیا

انٹرنیشنل ڈارک ویب سرغنہ سہیل ایازکے ہاتھوں زیادتی کا شکار ہونے والے بچے کو دوبارہ اغوا کرلیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق انٹرنیشنل ڈارک ویب کے پاکستان میں گرفتار سرغنہ سہیل ایاز کے ہاتھوں اغوا اور زیادتی کا شکار ہونے والے بچے کو بازیابی کے بعد اسلام آباد سے دوبارہ اغوا کرلیا گیا ہے۔

بچے کے دوبارہ اغوا کا مقدمہ تھانہ کھنہ اسلام آباد میں درج کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 11 سالہ بچے عدیل خان کو سہیل ایاز کے ساتھیوں یونس وغیرہ نے اغوا کیا ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچہ ملزم سہیل ایاز کے خلاف مرکزی گواہ بھی ہے جب کہ متاثرہ بچے کے اغوا کے باعث سہیل ایاز کیس کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل راولپنڈی پولیس نے تھانہ روات کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے بچوں سے زیادتی کی براہ راست ویڈیوز نشر کرنے والے بین الاقوامی ڈارک ویب کے سرغنہ سہیل ایازکو گرفتارکیا تھا۔

پولیس نے چند روزقبل کارروائی کرکے سہیل ایاز کے ہاتھوں اغوا ہونے والے 11 سالہ بچے عدیل خان کو بھی برآمد کیا تھا جو انڈے بیچ کرروزی کماتا تھا۔