وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ سی پیک پرامریکی نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز کے بیان کو مسترد کرتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سی پیک گیم چینجراور معاشی ترقی کیلیے ضروری ہے پاکستان نے فیزٹو کاآغاز کرکے سی پیک کو وسعت دی ہے اوراس سے متعلق منصوبے جاری رہیں گے۔
انہوں نے کہا یہ کہنا درست نہیں کہ سی پیک سے ہمارے قرضوں میں اضافہ ہوگا۔شاہ محمود نے کہا امریکا سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے توکرلے اس پر کوئی اعتراض نہیں۔
ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی سے متعلق پیش آئے واقعے پر شاہ محمود قریشی نے کہاوہ اس افسوسناک واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔ کل ناروے کے سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کروایا اور اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔ناروے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ملزموں کیخلاف سخت ایکشن لے اوربے حرمتی روکنے والے مجاہد کو رہا کرے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ کشمیرکے مسئلے پرسیاسی جماعتوں میں کوئی اختلاف نہیں تاہم کشمیر کے مسئلے پرقومی اتفاق رائے کی ضرورت تھی،ہے اوررہے گی۔
انہوں نے کہا داخلی سیاسی صورتحال کی وجہ سے مسئلہ کشمیرپرمیڈیاکی توجہ اٹھ گئی تھی ۔میڈیا کو دوبارہ کشمیر پر کوریج بڑھانی چاہئے۔کشمیر میں کرفیو کو 112روز گزرچکے ہیں۔