تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اورپارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے کہاہے کہ ن لیگ نے ہمیشہ جواب دینے سے راہ فرار اختیارکرنے کی کوشش کی ،اب لمبی تاریخوں کے وقت ختم ہو گئے،اب انہیں جواب دینا پڑے گا۔
الیکشن کمیشن میں اسکروٹنی کمیٹی میں فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ کی فارن فنڈنگ کی تفصیلات پر ان سے آگے سوالات بھی کریں گے،ہم ان کو بھاگنے نہیں دیں گے،پاناما میں جے آئی ٹی بنی اور ان سے منی ٹریل کا کہاگیا تھا،الیکشن کمیشن کی اسکرونٹی کمیٹی نے بھی ن لیگ سے منی ٹریل مانگ لی۔
فرخ حبیب کا مزید کہناتھا کہ الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن سے منی ٹریل مانگی ہے،مسلم لیگ ن اکاوَنٹس میں رقوم منتقلی سے متعلق ابھی تک نہیں بتا سکی،تحریک انصاف نے40ہزارڈونرزکاریکارڈ اسکرونٹی کمیٹی کو جمع کرایا،تحریک انصاف کیلیے گڑھا کھودنے والے ناکام ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو راہ فرار نہیں ملے گی،امید کرتے ہیں اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر ہوگا۔