ن لیگ کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت ملکی سلامتی کیلیے خطرہ بن چکی ہے، انہوں نے سب سے حساس تعیناتی کا جو مذاق بنایا ہے ، قومی سلامتی کیلیے اس سے بڑا خطرہ کیا ہوگا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے نوٹیفکیشن کو سپریم کورٹ کی جانب سے معطل کیے جانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں احسن اقبال نے حکومت کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کی سب سے حساس اپوائنٹمنٹ کا جو مذاق بنادیا ہے، ملکی سلامتی کیلیے اس سے بڑا خطرہ کیا ہوگا۔ پاکستان کے مستقبل کی خاطر صرف ایک ہی راستہ ہے، وہ یہ کہ شفاف اور منصفانہ الیکشن کرایا جائے، اس کے علاوہ جو بھی راستہ ہوگا وہ تباہی کا راستہ ہوگا۔
اپوزیشن کی اے پی سی کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ اور اپوزیشن کا یہ موقف ہے کہ 2018 میں جو سلیکشن ہوئی تھی اس نے 15 مہینے میں ملک کیلیے سلامتی کے خطرے پیدا کردیے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہماری ریاست ادارہ جاتی سطح پر جمود کا شکار ہے، آرڈیننس کے اوپر کار سرکار چل رہا ہے، مہنگائی نے غریب آدمی کیلئے ایسے خطرات پیدا کردیے ہیں کہ وہ خود کشی پر مجبور ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جو پاکستان 5 اعشاریہ 8 فیصد پر ترقی کر رہا تھا اس کو 2 فیصد پر لے آئے ہیں، اس حکومت کو ختم کرکے نئے الیکشن کے ذریعے سلیکٹڈ کی جگہ الیکٹڈ حکومت کو لانا ناگزیر ہوگیا ہے۔