ہم نے پانامہ لیکس میں بھی ملوث 436 افراد کے احتساب کا مطالبہ کیا تھا۔فائل فوٹو
ہم نے پانامہ لیکس میں بھی ملوث 436 افراد کے احتساب کا مطالبہ کیا تھا۔فائل فوٹو

نالائق حکمرانوں نے اسلام آباد میں سرکس لگائی۔سراج الحق

سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں نالائق حکمرانوں نے سرکس لگائی ہوئی ہے،عمران وزیراعظم کی کرسی پر حادثاتی طور پر بیٹھ گئے ہیں، 22 دسمبر کوپشاور سے اسلام آباد مارچ  کریں گے۔

پشاور میں جمعیت طلبا اسلام کے زیر اہتمام اسٹوڈنٹ ٹیلنٹ ایکسپو کی تقریب سے خطاب میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا پاکستان تحریک انصاف نے تمام اداروں کو بے توقیر کیا، عجیب حکومت ہے کرتارپور تو راتوں رات مکمل کیا لیکن بی آر ٹی نہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ترقی ورلڈ بنک سے قرضے لے کر نہیں کی جاسکتی، مرغی پر بیٹھ کر انسان خلاء نہیں جاسکتے، عمران خان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کے عہدے کیلیے موزوں ہے، 22 کروڑعوام کو منزل تک پہنچانا عمران کے بس کی بات نہیں، اگر اس حکومت کوپانچ سال مل گئے تو مزید لوگ بے روزگار ہونگے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ بی آر ٹی منصوبہ لاکھوں لوگوں کیلیے عذاب بن چکا ہے، 350 نہیں حکومت صرف 50 ڈیموں کے نام بتائے، قوم کو لنگر خانوں کی نہیں کارخانوں کی ضرورت ہے، حکومت کیوں مشرف کو بچانے کیلیے سامنے آگئی، عمران خان کہتے تھے مہنگائی ہو تو سمجھ لیجیے کہ حکمران چور ہیں۔

وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے میں سراج الحق نے کہا کہ میں عمران خان کو کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بناؤں گا کیونکہ عمران خان میں صرف کرکٹ بورڈ چلانے کی صلاحیت ہے۔