نون لیگ نے پارٹی فنڈنگ کیس میں فنڈز فراہم کرنے والے افراد کی تفصیلات دینے کیلیے مہلت مانگ لی، نون لیگ نے بیرون ملک کمپنیوں کی ملکیت کا الزام مسترد کردیا۔
مسلم لیگ نون کی جانب سے محسن شاہ نواز رانجھا اوروکیل جہانگیر جدون الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ نون لیگ نے موقف اختیار کیا کہ ان کی امریکہ میں کوئی کمپنی رجسٹرڈ نہیں تاہم برطانیہ میں مبینہ کمپنی سے متعلق کوئی جواب نہیں دیا۔
مسلم لیگ نون کے رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں موجود تمام پارٹی اکاؤنٹس پہلے ہی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کئے جا چکے ہیں، چندہ دینے والے افراد کے شناختی کارڈ نمبرز جمع کرانے کیلیے وقت چاہئے۔ نون لیگ پارٹی فنڈنگ کیس سے متعلق اسکروٹنی کمیٹی کا آئندہ اجلاس 3 دسمبرکو ہو گا۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے درخواست گزار فرخ حبیب نے کہا کہ نون لیگ ایک صفحے کا جواب جمع کروا کر راہ فراراختیار کر رہی ہے۔