چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پارٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پمزاسپتال میں آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے کل عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری درخواست ضمانت کے لیے اب بھی تیار نہیں تھے تاہم آصفہ بھٹو زرداری کی درخواست پر وہ عدالت میں درخواست ضمانت کے لیے راضی ہوئے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے منتظر ہیں۔ امید ہے ہمیں عدالتی فیصلے سے رہنمائی ملے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان حزب اختلاف کے رہنماؤں پردباؤ ڈالنا چاہتے ہیں لیکن پیپلز پارٹی اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی، انہوں نے پہلے بھی دوسرے معاملات میں اتفاق رائے پیدا نہیں کیا اورہرمعاملےمیں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔