اسلام آباد کی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں میں تصادم کے واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور16افراد کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔
گزشتہ روز اسلام آباد کی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں 2 طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک طالب علم جاں بحق اور 15زخمی ہو گئے تھے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعے کی ایف آئی آر درج کرتے ہوئے 16 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
گزشتہ روزانٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبا کے پروگرام پر مخالف طلبا تنظیم نے حملہ کردیا، فائرنگ کے نتیجے میں ایک طالب علم جاں بحق اور15 زخمی ہوگئے، رینجرزنے یونیورسٹی کا کنٹرول سنبھال لیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق جامعہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کی ایکسپو تقریب منعقد ہورہی تھی جس میں لیاقت بلوچ بطور مہمان خصوصی شریک تھے، اسی دوران سرائیکی اسٹوڈنٹ کونسل کے طلبہ نے تقریب پرحملہ کردیا، تصادم کے نتیجے میں 9 طلبا زخمی جب کہ ایک طالب علم طفیل جاں بحق ہوگیا۔
زخمی طلبا میں مرتضی احمد،علی نقوی عمار، ضیا شفیق، اسامہ امیر، جمال، نعمان زمان، فیصل اقبال، عبدالرحمان اور معراج ملک شامل ہیں جبکہ لیاقت بلوچ کو باحفاظت وہاں سے نکال لیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ طالب علم طفیل کی ہلاکت سر پر اینٹوں کا بلاک لگنے سے ہوئی، ہاسٹل کے اوپر سے مخالف طلباء نے اینٹیں پھینکیں، طفیل کا تعلق گلگت سے ہے اور وہ اکنامکس ڈیپارٹمنٹ کا طالب علم تھا۔
ڈی آئی جی وقارالدین سید نے بتایا کہ تصادم سے نمٹنے کے لیے رینجرزکو طلب کرلیا گیا جس نے ہوسٹلز کی تلاشی لی۔ دریں اثنا واقعے کے بعد کل جامعہ میں تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے اور تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی۔