ایبٹ آباد میں دم گھٹنے،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں آگ لگنے سے 5افراد جاں بحق اورکوئٹہ میں جھلس کر3افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں ایک گھرکے کمرے میں گیس بھرجانے سے دم گھٹ کر3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ایبٹ آباد میں جاں بحق ہونے والے تینوں افراد میاں، بیوی اور بیٹا ہیں، جن کی لاشیں مقامی اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔
واقعہ ایبٹ آباد کے علاقے رجوعیہ میں پیش آیا جہاں شدید سردی سے بچنے کے لیے کمرے میں گیس کا ہیٹر رکھا گیا تھا۔بند کمرے میں گیس بھر جانے سے دم گھٹ کر میاں، بیوی اوران کا بیٹا جاں بحق ہو گیا۔
ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ میں واقع ایک گھرکے کمرے میں آگ لگنے سے 2 ننھے بہن بھائی جاں بحق اور والدہ بے ہوش ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق محلہ چاہ کھجی والا کے رہائشی محمد آصف کا 6 سالہ بیٹا محمد عبداللّٰہ اور 2 سالہ آمنہ کمرے میں سو رہے تھے کہ کمرے میں رکھے گیس کے چولہے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
آگ نے پورے کمرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے آصف موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ آمنہ اسپتال میں طبی امداد دیے جانے کے دوران دم توڑ گئی۔
کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس کے ایک گھر میں گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس میں مسلم ٹاؤن کے رہائشی احمد خان کے گھر میں گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہوا۔دھماکے سے آگ لگنے کے باعث خاتون سمیت 3 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ کی جانب سے موقع پر پہنچ کر3 افراد کو بی ایم سی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔