پاکستان کاکرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 1.5 فیصد رہے گا ۔فائل فوٹو
پاکستان کاکرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 1.5 فیصد رہے گا ۔فائل فوٹو

حکومت نے آئی ایم ایف سے بجلی و گیس مہنگی کرنے کا وعدہ کر لیا

حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو بجلی و گیس مہنگی کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

پاکستان نے آئی ایم ایف پروگرام کی پہلی سہ ماہی کے اہداف پورے کرلیے ہیں، پاکستان نے معاشی عدم استحکام کو سدھارنے کے لیے جامع اقدامات کیے، ان کے باعث معاشی استحکام دیکھنے میں آرہا ہے، تاہم جائزہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کو آئندہ برسوں میں بھی مشکلات کاسامنا رہے گا اور شرح نمو متاثر ہوسکتی ہے جب کہ خسارہ بڑھ سکتا ہے۔

آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ پہلے جائزہ اجلاس کی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق پاکستان نے بجٹ میں تبدیلیوں کے ساتھ گیس و بجلی کی قیمتوں میں اضافے، ڈیفالٹرز کے بجلی کنکشن فوری طور پر منقطع کرنے اور ریونیو بڑھانے کے لیے نیشنل ٹیکس اتھارٹی قائم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق ستمبر تک نیم خود مختار نیشنل ٹیکس اتھارٹی کا قیام اور نقصان میں چلنے والے سرکاری اداروں کو کمپنی بنایا جائے گا، خالص پن بجلی منافع کے بقایا جات کی مد میں 73 ارب روپے اور لیٹ پے منٹ چارجز کی مد میں 110 ارب روپے وصول کیے جائیں گے۔

آئی ایم ایف کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے پاور پلانٹس کی نجکاری سے سرکلر ڈیٹ ادا کرنے، مزید 200 ارب روپے کی بینک گارنٹی جاری کرنے اور سرکلر ڈیٹ کو حکومتی قرضے میں شامل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

آئی ایم ایف مشن چیف پاکستان ارنسٹو رمیزو ریگو کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ پاکستان نے بیرونی شعبے، غیر ملکی کرنسی کے ذخائر اور این ڈی اے میں اہداف پورے کیے ہیں، پاکستان آئی ایم ایف پروگرام پر پیش رفت کر رہا ہے، پروگرام منظوری سے تاحال معاشی منظرنامے میں بدلاؤ نہیں آیا۔