قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے نیب کو دھمکی اور نازیبا الفاظ قانونی عمل سے نہیں روک سکتے۔
جعلی اکاؤنٹس کیس کے حوالے سے نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے اور15 جنوری تک مہلت مانگ لی ہے۔ انہوں نے نیب کو خط لکھ کر15 جنوری کے بعد پیش ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
نیب اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا بیان نیب کو لکھے گئے خط کے برخلاف ہے۔ نیب بدعنوانی کے خاتمے کے لیے قانون کے مطابق کام کرنے والا ادارہ ہے۔ نیب تحقیقات کے لیے متعلقہ شخص کا بیان لینے پر یقین رکھتا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نیب قانون کے مطابق بیان لینے پر یقین رکھتا ہے اور متعلقہ شخص کو قانونی حق سے محروم نہیں کرتا بلکہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کرنے پر یقین رکھتا ہے۔