قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، کہیں ریلیاں نکالی گئیں اور کہیں سالگرہ کیک کاٹے گئے، تقریبات میں بانی پاکستان کی خدمات کو سلام پیش کیا گیا۔
دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے ہوا جس میں قائد اعظم کی روح کے ایصال ثواب کیلیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
وفاقی دارالحکومت میں 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں اعلی حکومتی، عسکری اور سیاسی شخصیات شریک ہوئے۔ یوم قائد اعظم کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر میں سیمینار اور کانفرنسز کا اہتمام کیا گیا۔
قائداعظم محمد علی جناحؒ کا یوم ولادت، شہر شہر ریلیاں نکالی گئیں، ڈیرہ بگٹی میں ایف سی کالج سوئی میں یوم قاٸداعظم کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبا نے ٹیبلوز پیش کیے اور تقاریر کرکے بانی پاکستان کو سلام پیش کیا۔
کندھ کوٹ میں قائداعظم کے یوم پیدائش پر ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، شہریوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
نواب شاہ میں رینجرزاورسول سوسائٹی کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا، لاڑکانہ میں بھی نکالی جانیوالی ریلی میں رینجرزکے اہلکاروں اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شریک کی۔
شجاع آباد میں بھی تقریب کے دوران کیک کاٹا گیا، منڈی بہاالدین میں اسکول کے بچوں نے ٹیبلوز پیش کر کے قائداعظم محمد علی جناح کو سلام پیش کیا۔ قائداعظم محمد علی جناح کی ولادت کے سلسلے اور کرسمس ڈے کے حوالے میونسپل کمیٹی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔