امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نئے سال کی پہلی خبر نے ہی بلڈ پریشر بڑھا دیا، حکومت نے بجلی، پٹرول اور آٹے کی قیمت میں اضافہ کردیا۔
سینیٹ اجلاس سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ پارلیمنٹ کا کام ہی قانون سازی ہے، عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، ہم جائزہ لیں ہم نے ایک سال میں کیا قانون سازی کی ہے؟
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں اگر ہم کوئی کام نہیں کرسکے تو وہ قانون سازی نہیں کرسکے، اس کی وجہ یہ ہے کہ حکومت نے خود دلچسپی نہیں لی، اگر کوئی کام ہوا تو قائد ایوان پیش کریں۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ غربت سے نکلنے کا راستہ یہی ہے کہ ہمت کریں، دباؤ میں نہ آئیں، چوری ایک روپے کی ہو یا ایک ارب کی، چوری ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے 27ستمبر کو یو این او میں آ پ کا ساتھ دیا آج وہی آپ سے شاکی ہیں۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ اداروں کے درمیان ٹکراؤ کی کیفیت ہے، پہلی بار تاریخ میں دیکھا کہ وزیراعظم جلسہ عام میں کھڑے ہوکر بڑی عدالت پر تنقید کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے لیے غدار کا لفظ سب سے پہلے عمران خان کے منہ سے سنا۔