آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر ن لیگ نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی حمایت کا فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی سب سے بڑی مشکل حل کردی ،ن لیگی قیادت کا کہناہے کہ وہ آرمی چیف کے عہدے کو متنازع نہیں بنانا چاہتے۔
نجی ٹی وی نے ن لیگی ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ مسلم لیگ ن نے آرمی ایکٹ میں ترامیم کی حمایت کا فیصلہ کرلیاہے ، مسلم لیگ ن کی قیادت کا پیغام پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پہنچایا گیاہے۔
آرمی ایکٹ میں ترامیم کی حمایت کا فیصلہ ن لیگ کی قیادت کے پیغام ملنے کے بعد کیا گیا۔نجی ٹی وی کا کہناہے کہ قیادت نے پیغام دیا کہ مسلم لیگ ن ایکٹ کی غیر مشروط حمایت کرے گی،آرمی چیف کے عہدے کو متنازع نہیں بنانا چاہتے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کابینہ کا اجلاس ہوا جس دوران وفاقی کابینہ نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد یہ ترمیم اب قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی جبکہ دوسری جانب حکومت نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے حکم امتناع کیلیے درخواست بھی دائرکردی ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر فیصلہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ آرمی ایکٹ میں چھ ماہ کے اندر ترمیم کی جائے بصورت دیگر جنرل قمر جاوید باجوہ ریٹائر ہو جائیں گے جس کے بعد اب حکومت نے قانون سازی کی تیاری شروع کردی ہے۔