ملک بھر میں شدیدسردی کے باعث ٹھنڈ کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں،سبی اورگردونواح میں سردی کا100سالہ جبکہ لاہورمیں 17سال کاریکارڈٹوٹ گیا۔
کراچی سے خیبراور گوادر سے گلگت تک ملک کو سردی نے جکڑلیا ہے۔ملک کے کئی شہروں میں شدید سردی کے باعث درجہ حرارت کم ہو کر دو ڈگری سینٹی گریڈ تک آ گیا۔
محکمہ موسمیات نے بھی آئندہ چند روز تک سردی کی شدت جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔بالائی علاقوں میں برف اور میدانی علاقوں میں سرد ہواو¿ں اوردھندکا راج رہا۔چمن شہراور گردونواح میں ہلکی ہلکی بارش کا سلسلہ شروع جوکہ رات گئے تک وقفے وقفے سے جاری رہا۔
خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ سردی بنوں میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی چار ریکارڈ کیا گیا۔زیارت کا درجہ حرارت منفی چھ، قلات منفی دو اور کوئٹہ کا درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اسکردو منفی22ڈگری کیساتھ ملک کا سرد ترین مقام رہا۔گلگت سے دیگراضلاع کا رابطہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ختم ہوگیا۔
کراچی میں نئے سال کا پہلادن سرد ترین ثابت ہوا، سائبریا کی سرد ہوائوں نے شہریوں کی قلفی جمادی، محکمہ موسمیات کے مطابق سرد ہوائوں کا سلسلہ 2 روز تک جاری رہنے کاامکان ہے۔کراچی میں سال نو کا استقبال تیز سائبرین ہوائوں نے کیا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفرازکے مطابق یکم جنوری جاڑے کا سرد ترین دن قرار پایا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں نئے سال کا پہلاروز سرد ترین رہا اور کم سے کم درجہ حرارت9ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ17سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری طرف اسکولوں کے بعد اعلی تعلیمی اداروں میں بھی موسم سرما کی چھٹیوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے،تمام جامعات اور کالجز میں موسم سرما کی چھٹیاں 5جنوری تک ہوں گی۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے چھٹیوں کے حوالے سے تمام جامعات اور کالجر کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔تاہم سردی کی موجودہ شدت جاری رہنے کی صورت میں اسکولوں کی چھٹیاں بڑھانے کیلیے حکومت پنجاب نے غور بھی شرو ع کر دیاہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے اس حوالے سے فیصلہ کیا ہے کہ اگر سردی کی موجودہ شدت برقرار رہی تو صوبے میں اسکولوں کی چھٹیاں بڑھائی جاسکتی ہیں اگرسردی کی شدت کم ہوگئی تو چھٹیاں نہیں بڑھائی جائیں گے۔