ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنائی نے جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر ردعمل میں کہا ہے کہ مارنے والے قاتل سنگین بدلے کا انتظارکریں۔
انہوں نے کہا کہ سلیمانی جنت چلے گئے ہیں وہ ایک بہادر سپاہی تھے، سلیمانی کے قتل نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف مزاحمت کو مزید دگنا کردیا ہے۔
آیت اللہ خامنائی نے کہا کہ جنرل سلیمانی کا نہ ہونا تلخ ہے لیکن جدوجہد فتح تک جاری رہے گی اور مجرموں کی زندگی کو مزید تلخ بنا دیں گے۔
ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے امریکی ڈرون حملے کے باعث ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پرشدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو اس کے خطرناک نتائج بھگتنا ہوں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا ہے کہ امریکہ نے دہشت گردی کارروائی میں جنرل سلیمانی کو نشانہ بنایا اوران کا قتل کیا جو داعش اور القاعدہ کے خلاف موثر انداز میں لڑ رہے تھے۔
وزیردفاع امیر حاتمی نے کہا ہے کہ ایران قاسم سلیمانی کے قاتلوں سے جلد بدلہ لے گا۔ سلیمانی کے ناجائز قتل کا تباہ کن بدلہ لیا جائے گا، ہم ان تمام افراد سے بدلہ لیں گے جو اس کے قتل کے ذمہ دار ہیں۔ امیر حاتمی نے کہا کہ ایران قاسم سلیمانی کے قاتلوں سے جلد بدلہ لے گا۔
ایرانی حکومت نے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے جاں بحق ہونے کے بعد ایران کی نیشنل سیکیورٹی کونسل کا فوری اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں امریکہ کو جواب دینے کے لیے حکمت عملی پرغور کیا جائے گا۔
دوسری جانب تہران نے سوئٹزرلینڈ کے سفیر کو بھی طلب کرلیا ہے جو ایران میں امریکی مفادات کے ذمے دار ہیں۔
خیال رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پرعراقی دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پر ڈرون حملے میں ایران کے جنرل قاسم سلیمانی سمیت 8 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔