پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) اور ایوان زیریں (قومی اسمبلی) کے آج منعقد ہونے والے اجلاس موخر کردیے گئے ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق سینیٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ کا چار جنوری کہ سہہ پہر تین بجے ہونے والا اجلاس موخر کردیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق اب یہ اجلاس پیر چھ جنوری کی سہہ پہر تین بجے منعقد ہوگا۔قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کاکہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرقواعد و ضوابط کے تحت اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی کرنے کے مجاز ہیں، انہیں قومی اسمبلی کے طریقہ کار کے قاعدہ 49 کے سب رول دو کے تحت یہ اختیار تفویض کیا گیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے چار زیر حراست اراکین قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری کردیے ہیں۔ جن اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے گئے ہیں ان میں شاہد خاقان عباسی، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال اور سید خورشید احمد شاہ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے چاروں اراکین اسمبلی کی رواں اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہیں۔ پروڈکشن آرڈرز قومی اسمبلی کے رواں پورے اجلاس کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔