خیبرپختونخوا کے وزیرتعلیم اکبرایوب خان میٹرک پاس نکلے، وہ اس سے قبل محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے وزیرتھے۔
خیبر پختونخوا کے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے تصدیق کی ہے کہ اکبرایوب خان میٹرک پاس ہیں، انھوں نے اکبر ایوب کی تقرری کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں تعلیم کے لیے کسی قسم کی پابندی نہیں،ایسا نہیں کہ کوئی ڈاکٹر نہیں تو صحت کا محکمہ نہیں دیا جا سکتا۔ ماضی میں پرائمری پاس وزیر تعلیم بھی رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اکبر ایوب اعلیٰ معیار کے ادارے کے فارغ التحصیل ہیں،محکمہ چلانے کے لیے جو صلاحیت چاہیے وہ اکبر ایوب کے پاس ہے۔ وہ پہلے بھی ایک محکمہ چلا چکے ہیں۔ سب سے بڑی بات عوام نے ان کو منتخب کیا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ پہلے جو وزیر تعلیم ہوتے تھے ان کی تعلیم پرائمری ہوتی تھی جبکہ اکبر ایوب نے اچھے تعلیمی ادارے سے میٹرک پاس کر رکھا ہے اور ان کے پاس محکمہ تعلیم کو چلانے کی صلاحیت موجود ہے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیر میں محکمہ چلانے کی صلاحیت ہونی چاہیے اوراکبرایوب نے 5 سال بہت بڑامحکمہ چلایا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سابق مشیر تعلیم ضیا اللہ بنگش کے پاس ماسٹر کی ڈگری تھی۔