معروف قانون دان سابق جج اور سابق چیف الیکشن کمشنرفخرالدین جی ابراہیم انتقال کرگئے۔
فخرالدین جی ابراہیم کی نمازجنازہ شام 7بجے ادا کی جائے گی اورتدفین کراچی کے میوہ شاہ قبرستان میں کی جائے گی۔وہ گزشتہ کچھ عرصے سے بسترعلالت پر تھے۔
مرحوم نے اٹارنی جنرل اور چیف الیکشن کمیشن کے عہدے پر خدمات انجام دیں۔ وہ 2012 سے 2013 تک چیف الیکشن کمشنر رہے اور بطور چیف الیکشن کمشنر ان کی سربراہی میں 2013 کے عام انتخابات ہوئے۔
فخر الدین جی ابراہیم سپریم کورٹ کے جج ، سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، گورنر سندھ، اٹارنی جنرل اور وفاقی وزیرقانون کے عہدوں پر بھی فائز رہے۔سی پی ایل سی کا ادارہ انہی کی مرہون منت قائم ہوا اوروہ امن وامان کے سرگرم کارکن تھے۔
مرحوم بھارتی گجرات کے شہراحمد آباد میں 1928ء میں پیدا ہوئے، انتقال کے وقت ان کی عمر91 برس تھی۔