نیشنل پارٹی کے سربراہ حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ ملک کی 3 بڑی جماعتوں نے جمہوریت کو پارلیمنٹ میں دفن کردیا ہے،صرف 3 اداروں کے سربراہوں کو توسیع دلانے کا قانون بنایا گیا، آج پی پی اور ن لیگ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سینیٹ سے ترمیمی بلز کی منظوری کے بعد اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے سینیٹر حاصل بزنجو، جماعت اسلامی کے مشتاق احمد اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے عثمان کاکڑ نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔
حاصل بزنجو نے کہا کہ اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور حکومت نے جمہوریت کو پارلیمنٹ میں دفن کردیا ہے۔
جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ وہ سینیٹ کی دفاعی کمیٹی کے رکن ہیں مگر انہیں قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں نہیں بلایا گیا۔انہوں نے کہا کہ قوانین پاس کرنے کے لیے قواعد کی خلاف ورزی کی گئی، پارلیمنٹ میں قوانین میں ترامیم متعارف کروائیں گئیں مگران پر بات نہیں ہوئی۔