سندھ میں پیپلزپارٹی کے کرپٹ ٹولے کا کڑا احتساب چاہتے ہیں۔فائل فوٹو
سندھ میں پیپلزپارٹی کے کرپٹ ٹولے کا کڑا احتساب چاہتے ہیں۔فائل فوٹو

پیرپگارا نے بھی وفاقی حکومت سے تحفظات کا اظہار کردیا

پیرپگارا صدرالدین شاہ نے بھی وعدے پورے نہ کرنے پر وفاقی حکومت سے تحفظات کا اظہار کردیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں سربراہ پاکستان مسلم لیگ (ف) پیرپگارا صدرالدین شاہ سے ملاقات کی، ذرائع کے مطابق پیرپگارا نے گورنر سندھ کے سامنے جی ڈی اے کے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سرکار نے جووعدے کیے وہ پورے نہیں کیے گئے، صوبائی حکومت تو پیپلزپارٹی کی ہے پر وفاق میں تو آپ کی حکومت ہے، بجلی اورگیس کے محکمے تو وفاقی ہیں وہ کیوں نہیں سنتے۔

پیرپگارا نے کہا کہ جہانگیرترین کے ساتھ بھی آپ آئے تھے لیکن وعدے پورے نہیں کیے گئے، آپ کراچی کو بھی دیں لیکن ہمیں بھی ترقیاتی کام چاہئیں، صرف ایم کیوایم ہی نہیں ہم بھی اتحادی ہیں، ہم نے وزارت کی شکایت نہیں کی حالانکہ ہمیں غیر اہم وزارت دی گئی۔

پیرپگارا کا کہنا تھا کہ ہمارے لوگوں کو جھوٹے مقدمات کا سامنا ہے، سندھ میں کرپشن اوراقرباپروری عروج پر ہے احتساب کہاں گیا، سندھ میں پیپلزپارٹی کے کرپٹ ٹولے کا کڑا احتساب چاہتے ہیں، ہم سندھ حکومت سے تو مایوس تھے ہی اب آپ سے بھی مایوس ہیں۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے پیرپگارا سے کہا کہ ملک کے معاشی حالات خراب تھے اب کچھ بہتر ہوئے ہیں لہذا وعدے پورے کریں گے، وزیراعظم کی طرف سے ساتھ دینے اورصبر کرنے پرشکریہ ادا کرتے ہیں جب کہ جلد جہانگیرترین اور وزیراعظم آپ سے ملاقات کے خواہشمند ہیں۔

پیر پگارا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ کسی کو راضی کرنے نہیں آیا تھا یہاں کوئی روٹھا ہی نہیں تھا، جی ڈی اے اور پی ٹی آئی مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہیں، ملاقات میں وفاق کے اداروں سے وابستہ مسائل پر گفتگو کی گئی، سندھ کے ساتھ گیس کے مسئلے پر زیادتی نہیں ہونے دوں گا، ہم سب ایک پیج پر ہیں جہاں کھڑے تھے آج بھی وہی ہیں۔