وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ آٹے کے بحران سے متعلق منفی پروپیگنڈا چل رہاہے جبکہ پنجاب میں فلورملزمیں20کلو آٹے کاتھیلا805 روپے میں فروخت ہورہا ہے،آٹے کو زائد قیمت پر فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،805 روپے سے زائد آٹا فروخت ہونے پرعوام ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔
سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کے دوران فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن عوامی مسائل کے حل کےلیے کام کرنا ہے، آٹے کے بحران سے متعلق منفی پروپیگنڈا چل رہا ہے، جس کی روک تھام بہت ضروری ہے۔ پنجاب میں 60 فیصد زیادہ گندم پیدا اورذخیرہ ہوتی ہے، دیگر صوبوں کےعوام کی خوراک کی ضروریات کو پورا کرنا ہمارا فرض ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے4لاکھ ٹن گندم سندھ کو دینے کا حکم دیا، جس میں سے سندھ حکومت نے ایک لاکھ ٹن گندم اٹھائی ہے لیکن اس گندم کو فلور ملز تک پہنچانے میں ناکام رہی، جس کی وجہ سے آٹے کی قیمت بڑھی۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت 814 فلور ملز کو 25 ہزار 390 ٹن گندم یومیہ فراہم کررہی ہے، آٹے کی رسائی کے لیے 368 سیل پوائنٹ اور181 ٹرک اسٹیشن بنائے گئے، 20 کلو آٹے کا تھیلا نہ تو 805 روپے سے زائد کا فروخت ہورہا ہے اور نا ہی اس کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ مہنگےداموں آٹا فروخت کرنے والی فلور ملز اور چکیوں کے خلاف کارروائی کررہے ہیں۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کالے دھن والے گروپوں نے زرعی اجناس کو اسٹاک کرنے کا فارمولا نکالا ہے، روزمرہ کی اشیا کو ذخیرہ کرکے مارکیٹ میں بحران پیدا کیا جارہا ہے، وزیراعظم نے وعدہ کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں کو کسی صورت نہیں چھوڑوں گا، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف جنگ آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے، مہنگائی مافیا کو توڑنے کےلیے ہیلپ لائن کا اجرا کیا گیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سیاسی یتیم سن لیں حکومت اتحادیوں کے ساتھ مل کر اپنے 5 سال پورے کرے گی، اپنا نکتہ نظر بیان کرنا اور اپنے منشور کی بنیاد پر اپنے ووٹرز کی بات کرنا ہر جماعت کا حق ہے اور یہ جمہوریت کا حسن ہے، قومی ترقی اور عوامی خوشحالی کے ایجنڈے پر سب متفق ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادیوں سے جو مثبت بات چیت بڑھ رہی ہے، جلد اس حوالے سے خوشخبری دیں گے۔ کراچی کے لیے 162 ارب روپے کے پیکیج پر جلد عمل درآمد ہورہا ہے۔ کراچی میں صنعتکاری کےذریعے بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار محنتی، ملنساراوردرویش صفت انسان ہیں ،عثمان بزدار کو ٹارگٹ کرنے والے بالواسطہ عمران خان کو ٹارگٹ کررہے ہیں،وزیراعلیٰ عثمان بزدار اپنی مدت پوری کریں گے۔
ان کاکہناتھاکہ عثمان بزدار ایک کردار ہیں جبکہ اس سے پہلے اداکار تھے،عوام جانتے ہیں حقیقی خادم اعلیٰ کون ہے ،پنجاب کے عوام کو مولاجٹ نوری نتھ کی بھڑکیں چاہئیں،فردوس عاشق اعوان کاکہناتھا کہ ہم نے15ماہ میں معیشت کو بینک دیوالیہ ہونے سے بچایا۔