حکومت اور اپوزیشن میں چیف الیکشن کمشنراورالیکشن کمیشن کے 2 ارکان کے ناموں پراتفاق ہوگیا۔
پارلیمانئ کمیٹی نے سکندر سلطان راجہچیف الیکشن کمشنر مقررکرنے کی منظوری دیدی اسی طرح ممبر سندھ کے لیے نثار درانی اور ممبر بلوچستان کے لیے شاہ محمد جتوئی کا نام فائنل کرلیا گیا۔
الیکشن کمیشن ممبران و چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے حکومت اوراپوزیشن کے درمیان اسپیکر آفس میں مذاکرات ہوئے۔ اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے 3 افراد ناصر کھوسہ،اخلاق تارڑ اور عرفان قادر کے نام پیش کیے جبکہ حکومت نے جمیل احمد، فضل عباس میکن اورسکندر سلطان راجہ کے نام پیش کیے۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنراورالیکشن کمیشن ممبران کے نام فائنل ہوگئے۔چیف الیکشن کمشنرکے لیے حکومت کے تجویزکردہ سکندر سلطان راجہ کے نام پراتفاق ہوگیا۔
بلوچستان اور سندھ سے کمیشن کے ارکان کے لیے اپوزیشن کے تجویز کردہ نام طے ہوگئے ہیں۔ ممبر سندھ کے لیے نثار درانی اور ممبر بلوچستان کے لیے شاہ محمد جتوئی کے نام پراتفاق ہوگیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی حتمی منظوری کے بعد پارلیمانی کمیٹی کل اعلان کریگی۔ اپوزیشن نے کہا ہے کہ کل ناموں کو حتمی شکل دی جائے گی اور فیصلے کا اعلان پارلیمانی کمیٹی میں کیا جائیگا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ آج ہم نے 95 فیصد پیشرفت کر لی، اب چیف الیکشن کمشنر کے لیے 6 نام زیرغور ہیں، امید ہے کل ان میں سے کسی ایک نام پر اتفاق رائے ہو جائے گا۔
قبل ازیں اپوزیشن لیڈرشہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر کے تقررکیلیے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر ناصر کھوسہ،اخلاق تارڑ اور عرفان قادر کے نام تجویز کیے تھے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی چیف الیکشن کمشنرکے لیے 3 نئے نام تجویزکیے تھے جن میں جمیل احمد، فضل عباس میکن اور سکندر سلطان راجہ شامل ہیں۔