پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان لاہور میں ہونے والی ٹی ٹوینٹی سیریز کے پیش نظر جمعے اور ہفتے کے روز اسکولوں میں جلدی چھٹی دینے کا اعلان کر دیا گیاہے ۔
سی سی او ایجوکیشن نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ لاہور کے اسکولوں کو ہفتے کو گیارہ بجے چھٹی دی جائے گی تاہم یہاں قابل امر ذکر یہ ہے کہ جمعہ کے روز ویسے ہی ہاف ڈے ہوتاہے۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم محمود اللہ کی قیادت میں گزشتہ رات لاہور پہنچ گئی ہے جہاں وہ قذافی سٹیڈیم میں 24،25 اور 27 جنوری کو تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔
سیریز کے پیش نظر لاہور میں سیکیورٹی کے نہایت ہی سخت اقدامات کیے جارہے ہیں اور اسی صورتحال کے بعد اسکولوں میں بھی جلدی چھٹی دینے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ٹی 20میچز کا میدان سجنے میں بس ایک دن باقی رہ گیا۔بارہ سال بعد پاک سرزمین پر بنگلا دیشی مہمانوں کی آمد پر صوبائی دارالحکومت لاہور میں تینوں ٹی 20 میچزکیلئے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔
لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ پلان کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان کھیلے جانے والے میچوں کے دوران شہری مندرجہ ذیل متبادل راستوں کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کینال روڈ کے دونوں اطراف عام ٹریفک کیلیے کھلے رہیں گے، فردوس مارکیٹ، حسین چوک، ایم ایم عالم روڈ، منی مارکیٹ، مین بلیوارڈ اور صدیق ٹریڈ سینٹر ٹریفک جاسکے گی۔
پلان کے مطابق فردوس مارکیٹ، سینٹر پوائنٹ اور کلمہ چوک سے برکت مارکیٹ، فوارہ نمبر ایک صدیق ٹریڈ سینٹر، پل نہر جیل روڈ تا قرطبہ چوک اور فیروزپور روڈ بھی براستہ وحدت روڈ ٹریفک کے لیے کھلا رہے گا۔