پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے کیلیے امریکا اور چین متفق ہوگئے جبکہ بھارتی میڈیا میں صف ماتم بچھ گئی۔
امریکا اور چین کی جانب سے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکالنے کے حوالے سے خبریں گزشتہ کچھ دنوں سے سامنے آرہی ہیں تاہم اب بھارتی اخبارات نے اپنے ذرائع کے حوالے سے رپورٹس شائع کی ہیں کہ آئندہ اجلاس میں پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکال دیاجائے گا۔
بھارتی ویب سائٹ پرشائع ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سب سے بڑے اتحادی چین کی جانب سے پاکستان کوپرامید افزا اشارے مل گئے ہیں۔فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو دہشت گرد گروہوں کیخلاف کارروائی کیلیے اس کی جانب سے کی گئی کوششوں پراطمینان کا اظہارکیا ہے۔
ایف اے ٹی ایف کے انداز سے محسوس ہوتا ہے کہ آئندہ ماہ پاکستان گرے لسٹ سے باہر آسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کو گرے لسٹ سے باہر نکالنے میں ایک مرتبہ پھرچین نے اس کا ساتھ دیا ہے۔ چین اور کچھ مغربی ممالک کی سفارش کے بعد پاکستان کو گرے لسٹ سے باہرنکالنے کے اقدامات میں تیزی آئی ہے۔
بھارتی ویب سائٹ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنڈنگ روکنے کیلئے پاکستان کو 27 نکات کا ایکشن پلان دیا تھا۔ ان نکات پر21 سے 23 جنوری کو بیجنگ میں اہم اجلاس ہوا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق اس میٹنگ میں چین، برطانیہ، امریکہ، آسٹریلیا اور جاپان جیسے ممالک نے پاکستان کے ایکشن پلان کے خلاف کوئی منفی رائے نہیں دی۔
بھارتی میڈیاکے مطابق امریکہ ان دنوں افغانستان میں طالبان سے امن کی بات چیت میں لگا ہوا ہے اوراس موقع پراسے پاکستان کے ساتھ کی ضرورت ہے۔ گزشتہ کچھ ماہ سے ایران کے ساتھ امریکہ کی کشیدگی کم کرنے میں بھی پاکستان اپنا اہم کردار نبھا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ نے اس مرتبہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔