کوئی مسئلہ نہیں،تمام مسائل کو مل کر حل کریں گے.فائل فوٹو
کوئی مسئلہ نہیں،تمام مسائل کو مل کر حل کریں گے.فائل فوٹو

عبد القدوس بزنجو بھی رام ہو گئے

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ ہم نے عبد القدوس بزنجو کو راضی کرلیا ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال ہی رہیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اورعبد القدوس بزنجو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان  اوراسپیکرعبد القدوس بزنجو کے درمیان مسئلہ حل کرا دیا ہے,جام کمال ہی بلوچستان کے وزیر اعلیٰ رہیں گے،اب بلوچستان اسمبلی اور حکومت کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں،تمام مسائل کو مل کر حل کریں گے.

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے اندر سے شکایت تھی جو حل کر لی گئی ہے، بلوچستان کا مسئلہ حل ہو گیا اب خیبر پختونخوا میں بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہتحریک انصاف کی  حکومت کو اتنے مسائل نہیں جتنے میڈیا بیان کر رہا ہے،وزیر اعظم نے اتحادیوں کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی بنائی ہے جبکہ پنجاب اور بلوچستان کے سیاسی مسائل حل کر لیے گئے ہیں۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ملکی قیادت کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھے بلایا اور سنا, ملاقات میں بلوچستان کے مسائل اٹھائے ,پاکستان تحریک انصاف  کی طرف سے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی بنی ہوئی ہے,

انہوں نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے لوگ ملک اور صوبے کی بہتری کی سوچ رکھتے ہیں,بلوچستان عوامی پارٹی پاکستان کومضبوط کرنا چاہتی ہے، سب نے مسئلے کو حل کرنے کے لیے خلوص نیت سے کام کیا،ہم چاہتے ہیں مضبوط پاکستان کے لیے مل کر کام کریں۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ سب نے میری بات سنی اور معاملات کے حل کے لیے کمیٹی بنائی گئی،ہم چاہتے ہیں صوبے کے مسائل وہیں حل ہوں۔