ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے۔ ایسی فلسطینی ریاست چاہتے ہیں جس کا دارالحکومت القدس ہو۔
تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ سے متعلق امریکی صدر کے امن پلان پرپاکستان نے اپنا موقف دیتے ہوئے دو ریاستی حل کی خواہش کا اظہار اور آزاد فلسطین کے قیام کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے اس اہم معاملے پر جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے مشرق وسطیٰ امن منصوبہ کے اعلان کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان نے ہمیشہ سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بات چیت کے ذریعہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور دیرپا حل کی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان عالمی تسلیم شدہ قواعد اور 1967ء سے قبل بارڈرزکی بنیاد پر فلسطینی ریاست کا حامی ہے۔ ایسی فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس ہو۔
یاد رہلے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کے حوالے سے اپنے منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس منصوبے میں مشرقی بیت المقدس پراسرائیل قبضہ تسلیم کرنے اورشہرکے ایک حصے میں فلسطینی دارالحکومت قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔