پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کی نذرہوگیا۔فائل فوٹو
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بارش کی نذرہوگیا۔فائل فوٹو

انڈر۔19 کرکٹ ورلڈ کپ۔ سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بھارت سے ہو گا

پاکستان نے آئی سی سی انڈر۔19 کرکٹ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت کے ساتھ ہوگا، دونوں ٹیمیں 4  فروری کو پوشیفسٹروم میں مدمقابل ہوں گی۔بینونی میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں افغانستان نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 190 رنز کا ہدف دیا، جو اُس نے 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں اوپنر حیدر علی اور محمد ہریرہ نے 61 رنز کا شاندار آغاز فراہم کرکے جیت کی بنیاد رکھی، لیکن حیدر علی 28 رنز کی اننگز کھیل کر محمد ہریرہ کا ساتھ چھوڑ گئے۔

نئے آنے والے بیٹسمین کپتان روحیل نذیر نے بھی اچھا کھیل پیش کیا اور محمد ہریرہ کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 56 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 117 تک پہنچادیا۔روحیل نذیر 22 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، فرحاد منیر صرف 2 رنز بناسکے۔

محمد ہریرہ 64 رنز کی میچ وننگ اننگ کھیل کر رن آؤٹ ہوئے۔ یوں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 41 اعشاریہ ایک اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے ناصرف افغانستان کو شکست دی بلکہ سیمی فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر محمد ہریرہ کو میچ آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس سے قبل بینونی میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور49.1 اوورز میں 189 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، فرحان زاخیل 40 اور عبدالرحمان 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

اوپنر ابراہیم زدران اور فرحان زاخیل نے 41 رنز کا ااچھا آغاز فراہم کیا، ابراہیم زدران 11 رنز بناکر طاہر حسین کا شکار ہوگئے۔

نئے آنے والے بیٹسمین عمران صرف چار نز بناسکے، رحمت اللہ نے پاکستانی بولرز کے خلاف مزاحمت دکھائی اور 29 رنز بنائے۔ عابد محمدی 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

فرحان زاخیل 40 اورعبدالرحمان 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے محمد عامر خان نے3 اور فہد منیرنے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔