شاہد خاقان عباسی نے ضمانت کے لیے درخواست دائرکردی

ایل این جی کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ضمانت کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔

نجی تی وی کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں بیرسٹر ظفر اللہ کے ذریعے دائر درخواست میں شاہد خاقان عباسی نے موقف اختیار کیا ہے کہ نہ تو ان سے کوئی جرم سرزد ہوا اور نہ کسی جرم میں دوسرے کی معاونت کی، نیب کی میرے خلاف کارروائی بد دیانتی اور سیاسی بنیادوں پرمبنی ہے۔

نیب نے انہیں 18 جولائی کو گرفتار کیا اور 10 اکتوبرتک جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں رکھا گیا، وہ 11 اکتوبرسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں اوراس طرح 191 دن حراست میں گزار چکے ہیں۔ اس دوران بھی نیب میرے خلاف کوئی بھی کیس بنانے میں ناکام رہا۔

درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ ایل این جی کیس کا سارا ریکارڈ حکومت اور نیب کے پاس موجود ہے، متعلقہ عدالت میں کیس کی آئندہ سماعت 4 فروری کو ہوگی لہٰذا نیب ریفرنس میں ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت منظورکی جائے۔ ٹرائل کورٹ جب بھی طلب کرے گی پیش ہو جاؤں گا۔