وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی جس میں ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماوں کے درمیان سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کے یو ٹی سی سندھ کو منتقل کی جائے، اس کے 60 فیصد شیئرز وفاق اور40 فیصد سندھ کے پاس ہے، تجاوزات 40 کلو میٹر تھی، 38 کلو میٹر خالی کرا لیا گیا۔
مراد علی شاہ نے کہاکہ متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرنی ہے، سرکلر ریلوے کیلیے سندھ حکومت کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں، وفاقی حکومت کو کے سی آر کیلیے موثراقدامات کرنا ہونگے۔
اس دوران وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ کے یو ٹی سی فارملٹیز پوری کر کے سندھ حکومت کو دینے کیلیے تیار ہیں، ایس ای سی پی سے درخواست دی کی ہے کہ اس کی ایڈمنسٹریشن سندھ کو دینی ہے۔انہوں نے بتایا کہ متاثرہ لوگوں کو ریلوے کی کسی زمین پر گھر بنا کر دیں گے۔
بعد ازاں ترجمان وزیراعلی سندھ مرتضی وہاب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ وفاقی وزیرریلوے وزیراعلی ہاوس آئے تھے، سب اس بات پرایک صفحے پر تھے کہ شہریوں کو سفری سہولت ملنی چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی سندھ اور وزیر ریلوے کے درمیان ملاقات میں کراچی اربن ٹرانسپورٹ کے معاملے پر بات ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپریل میں چین میں جو میٹنگ ہونے جا رہی ہے اس میں سندھ حکومت اوروفاق ساتھ ہوں گے۔