وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آپ نے دیکھا کہ آٹے کا بحران پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، اسی طرح اب چینی کے مصنوعی بحران کی طرف کچھ نیٹ ورک متحرک ہیں جوطلب و رسد کے توازن میں فرق پیدا کرکے اسے مصنوعی بحران میں بدلنا چاہتے ہیں۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے جووعدے کیے اس سے وہ ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔ ناجائز اثاثے بنانے والوں کو جواب دینا پڑے گا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا ماضی میں ملکی خزانوں کا بے دردی سے لوٹاگیا۔مفاہمت اوراین آراو کی سیاست کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔طاقتوروں نے قانون کو اپنے مفادات کیلیے استعمال کیا۔کرپٹ افراد اپنی بقا کی خاطرگٹھ جوڑ کیے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ انہیں ڈر ہے کہ عمران خان کامیاب ہوگئے توان کی دکانیں بند ہوجائیں گی۔عمران اسی گروہ سے لڑ رہے ہیں۔ ستر سال کے گلے سڑے نظام کو ٹھیک کرنے میں چیلنجز درپیش ہیں۔اس گٹھ جوڑ کے خلاف جدوجہد آخری مراحل میں ہے۔
معاون خصوصی نے کہاکہ عمران خان کا عوام کے ساتھ درد اوراحساس کا رشتہ ہے۔پہلی بارعمران حکومت میں پولیس، عدالتی نظام اوردیگرگورننس کو مضبوط کرنے والے اداروں میں اصلاحات کی جارہی ہیں۔