حکومت نے اہم اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کو منا لیا ،دونوں جماعتوں نے مستقبل میں بھی مل کر معاملات حل کرنے کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے مسلم لیگ ق کے مطالبات تسلیم کرلیے ہیں،ق لیگ کو ترقیاتی فنڈز جلد جاری کردیے جائیں گے ،ترقیاتی فنڈز کے معاملہ پر آئندہ 2روز میں فالو اپ اجلاس اسلام آباد میں ہوگا۔
ذرائع کا کہناہے کہ مسلم لیگ ق کے وزرا،وزارتوں کے معاملات میں بااختیار ہوں گے ،کسی بھی قابل اعتراض افسرکی تقرری پرتحریک انصاف اعتراض کرسکے گی، اعتراض پر مسلم لیگ ق متعلقہ وزارت میں تعیناتی کے لیے نئے افسرکا نام دینے کی پابند ہوگی ۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ مسلم لیگ ق متعلقہ اضلاع میں عوامی مسائل کے حل کے لیے بااختیار ہوگی،بیوروکریسی ،کمیٹیوں،حکومتی اداروں میں نمائندگی میں ق لیگ کی تجاویزپرعمل کیاجائےگا۔
وفاق کے معاملات پر وفاقی وزراپرویز خٹک اوراسد عمرعمل کروائیں گے جبکہ پنجاب کے معاملات پر وزیراعلیٰ اورگورنرعمل درآمد کروانے کے پابند ہوں گے۔
حکومتی کمیٹی کے مسلم لیگ ق کے ساتھ مذاکرات ہوئے جس کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویزالہٰی نے کہا کہ آج ملاقات میں سیاسی معاملات سمیت ہر ایشو پرکھل کربات ہوئی ،ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر مشکل کا مل کر سامنا کریں گے اور حل تلاش کریں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی نیت اور قیادت پر کوئی شک نہیں ہے ،طریقہ کار میں بہتری لانے کے لیے سارے مل کر کوشش کریں ،چاہتے ہیں حکومتی ثمرات نچلی سطح تک جانے چاہئیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اگلے الیکشن میں بھی اکٹھے حصہ لیں گے ،حکومتی معاملات میں بہتری لانے کے لیے سب محنت کریں گے ۔
اس موقع پر پرویز خٹک نے کہا کہ آج ایک بڑی غلط فہمی دور ہو گئی ہے جو لوگوں نے پھیلائی ہوئی تھی ۔ان کا کہنا تھا کہ تمام اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں ،ہمیں کوئی اتحادی نہیں چھوڑ رہا ۔