امریکی صدرکو قتل کرنے کی دھمکی کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے وائٹ ہائوس کے باہر سے فلوریڈا سے تعلق رکھنے والےمسلح شخص گرفتارکرلیا۔
امریکی میڈیاکے مطابق امریکی صدرکی رہائش گاہ وائٹ ہائوس کے باہر سیکیورٹی اہلکاروں نے ایک مشتبہ چاقو بردار25سالہ نوجوان راجر ہیڈپیتھ کو اس وقت حراست میں لیا جب اس نے پٹرولنگ پر موجودامریکی سیکرٹ سروس کے افسرکو بتایا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے آیا ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ راجر ہیڈپیٹھ نامی کو امریکی صدر کو جسمانی نقصان پہنچانے کی دھمکی کے الزام میں ہفتے کی دوپہرگرفتارکیا گیا ہے، نوجوان نے افسر سے کہا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے آیا ہے اوراس کام کی انجام دہی کےلیے اس کے پاس چاقو بھی ہے۔
راجر ہیڈپیٹھ نامی نوجوان کی گرفتاری کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے تلاشی کے دوران اس کے پاس سے ایک پستول اور چاقو برآمد کیا۔
سی این این کے مطابق پولیس اہلکاروں نے مسلح نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد ذہنی صحت سے متعلق جانچ کےلیے ہسپتال منتقل کردیا ہے اور وہ اگلے نوٹس تک ہسپتال ہی رہے گاجبکہ اس کی گاڑی بھی قبضے میں لے لی ہے۔
حکام کے مطابق سیکریٹ سروس کے اہلکاروں کو بھی کوئی خطرہ نہیں ، دوسری طرف مبینہ طورپر ملزم کی رشتہ دار خاتون سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا تاہم اس نے اس معاملے پرکسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکارکردیا۔
خیال رہے کہ2014 میں بھی امریکی سکیورٹی ایجنسیز کی جانب سے امریکی صدر کے گھر کے باہر سے ایک 27 سالہ مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا تھا جو سابق امریکی صدر باراک اوبامہ کو قتل کرنے آیا تھا۔