مجھے اپنے خلاف کسی بھی کارروائی کی کوئی پرواہ نہیں، سابق وزیر اعظم
مجھے اپنے خلاف کسی بھی کارروائی کی کوئی پرواہ نہیں، سابق وزیر اعظم

وزرا کی تقاریر سن لیں،کیااس طرح ملک چلے گا۔شاہد خاقان عباسی

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت ملکی معیشیت کی جو تصویر دکھا رہی ہے عوام اس سے بے خبر ہیں، ماضی میں چینی 43 روپے کلو تھی، آج 90 تک پہنچ گئی۔ آٹے اورچینی کی قمیت میں اضافے کا حکومت کے پاس کوئی جواب نہیں۔

قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کے دوران حکومت پرتنقید کرتے ہوئے ن لیگی رہنما شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ ایک وزیر نے بیان دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے سبب آٹا مہنگا ہوا، ایک خاتون وزیرنے اسلام آباد سے شاپنگ بیگ ختم کر دیے، فواد چوہدری ہمیں چاند پر لے کرجائیں گے، ہم اس کا انتظارکر رہے ہیں، کسی ایک وزیر کی کارکردگی دکھا دیں۔ ان وزرا کی تقاریر سن لیں، کیا اس طرح ملک چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ قرض لے کر گزارہ کیا جا رہا ہے، موجودہ حکومت نے 5 سال پورے کرلیے تو قرضہ دگنا ہو چکا ہو گا۔ بجلی اور گیس کی قیمتیں کہاں تک پہنچ گئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آٹے اورچینی کے بحران پر خصوصی کمیٹی بنائی جائے، آئین کہتا ہے بجلی اورگیس کے معاملات صوبوں کے حوالے کر دیں۔ انہوں نے مہنگائی کے معاملے پر حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ عوام  سڑکوں پر نکل آئے تو جگہ نہیں ملے گی۔