پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے پاس دوبارہ جائے اور معاہدہ ختم کرے۔ہر فورم پرکہا کہ آئی ایم ایف عوام کا معاشی قتل ہے۔پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف کے معاہدے کو کسی صورت نہیں مان سکتے۔
اسلام آبادمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی ایم ایف کے معاہدے کو پھاڑکر باہر پھینک دیں۔ہم نے بھی قرض لیا کہ لیکن ہم پاکستان اورعوام کی بات کو سامنے رکھتے تھے،شرائط رکھی جاتی تھیں لیکن ہم عوام کے تحفظ کی بات کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ پندرہ ماہ بعد ہر پاکستانی کو یقین ہے کہ معاشی استحکام ان کے بس کی بات نہیں۔
انہوںنے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے پاس دوبارہ جاکرمذاکرات کرے اوران سے شرائط و ضوابط پرنئے سرے سے مذاکرات کرے، بلاول نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ حکومت حقائق پر بات نہیں کرتی۔ہم جانتے ہیں کہ نالائق حکومت ہے معاہدہ نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہاکہ پندرہ ماہ میں پہلی بار مشیر خزانہ پارلیمان میں آئے ہم نے مہنگائی پر بات کی تو ہمیں گالیاں دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اعدادوشمار خود بتاتے ہیں کہ جتنی مہنگائی ان کے دور میں ہوئی ہے اتنی کبھی نہیں ہوئی۔