وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جو انسان ناکام ہونے سے ڈرتا ہے وہ کامیاب نہیں ہوسکتا، کامیاب وہ لوگ ہوتے ہیں جن میں آگے جانے کا حوصلہ ہوتا ہے۔
بزنس اسٹارٹ اپس کے حوالے سے کنونشن سینٹراسلام آباد میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جو انسان ناکام ہونے سے ڈرتا ہے وہ کامیاب نہیں ہوسکتا، انسان مشکل وقت سے گزرکرہی کامیاب ہوتا ہے، جدوجہد ایک مسلسل پراسیس ہے
وزیر اعظم نے کہاکہ آسان راستہ تباہی کا راستہ ہوتا ہے، زندگی میں جب جدو جہد ختم ہوجائے تو زندگی ختم ہوجاتی ہے، کامیاب وہ لوگ ہوتے ہیں جن میں آگے جانے کا حوصلہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد انسان اپنے راستے خود منتخب کرتا ہے جبکہ غلام شخص صرف پیروی کرتا ہے، جو معاشرہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی نہیں کرتا وہ ترقی نہیں کرسکتا، نوجوان پاکستان کا اثاثہ ہیں، ہمیں نوجوان پر خصوصی توجہ دینا ہوگی کیونکہ نوجوانوں کے پاس بہترین آئیڈیاز ہوتے ہیں۔