شہریار آفریدی سیفران اور نارکوٹکس کے وزیر مملکت تھے
آپ کو ایسی غلطی نہیں کرنی چاہیے تھی، وزیر اعظم عمران خان

ایک عالم کا منشیات استعمال کرنے کا مشورہ،شہر یارآفریدی کا انکشاف

وزیرمملکت برائے انسداد منشیات کی شہر یار آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ ایک مدرسے کے عالم کی جانب سے اپنے شاگردوں کو منشیات استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا۔

قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیر مملکت اینٹی نارکوٹکس فورس شہریارآفریدی نے کہا کہ ایک ریڈ میں انکشاف ہوا کہ اس مدرسے میں عالم نے طلبا کو کہا کہ ڈرگ استعمال کریں،اس سے حافظہ تیز ہوتا ہے۔مدارس میں منشیات کے استعمال سے متعلق شہریارآفریدی کے اس بیان پرایوان میں خوب شور شرابا ہوا۔

دینی جماعتوں کے ارکان کی جانب سے احتجاج کیا گیاجبکہ مولانا اسعد محمود کا کہنا تھا کہ شہریار آفریدی نے جھوٹ بولا ہے، یہ غلط بیانی کر رہے ہیں، وہ ایسے مدارس کو منظرعام پرلائیں ان کا نام بتائیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ بات مخصوص مقاصد کے حصول کیلیے کہی گئی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ ایک مدرسے کی وجہ سے سب کو بدنام کررہے ہیں۔ سارے مدارس کو نشانہ بنانا ٹھیک بات نہیں۔

اسعد محمود کے جواب پر ردعمل دیتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ عالم کے اس معاملے پر ہم وفاق المدارس سے رابطے میں ہیں، کسی مدرسے کا نام نہیں لیا، ایک عالم کی بات کی ہے، میں اس حوالے سے خبروں کی کلپنگ ایوان میں پیش کر دوں گا، نوجوانوں اور خاص طور تعلیمی اداروں میں منشیات پھیل چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آگہی کے لیے زندگی ایپ لانچ کر دی ہے، تمام سکولوں اور کالجزکے ساتھ بات چیت ہو چکی ہے، تمام صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھی بات چیت ہو چکی ہے، یہ ایک پارٹی یا حکومت کی بات نہیں طلباکے والدین بھی حصہ لیں۔