مگر مچھ اور سانپ پالنے کے کیس میں عدالت نے گلوکارہ رابی پیرزادہ کو بری کرنے کا حکم جاری کردیا۔
ماڈل ٹاؤن کہچری میں جوڈیشل مجسٹریٹ حارث صدیقی نے سانپ اور مگر مچھ رکھنے سے متعلق کیس میں بریت کی درخواست پر سماعت کی جس کے دوران رابی پیرزادہ پیش ہوئیں۔
گلوکارہ کے وکیل نے مؤقف اختیارکیا کہ رابی پیرزادہ کا اس مقدمہ میں کوئی کردار نہیں، وائلڈ لائف نے ذاتی رنجش کی بنیاد پرگلوکارہ کو کیس میں ملوث کیا۔رابی پیرزادہ نے عدالت میں بیان دیا کہ وہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہیں۔
عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیااورکچھ دیر بعد رابی پیرزادہ کو مقدمہ سے بری کرنے کا حکم سنایا۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں رابی پیرزادہ نے کہا اگر وائلڈ لائف چاہے تو وہ ان کے ساتھ مل کر لوگوں میں آگاہی کے لیے کام کرنے کو تیار ہیں۔
محکمہ وائلڈ لائف نے گزشتہ سال گیارہ ستمبرکوغیر قانونی طورپراژدھا، مگرمچھ اورسانپ رکھنے کے الزام پرگلوکارہ کا چالان کیا تھا۔
خیال رہے کہ 13 ستمبر 2019 کوغیرقانونی طورپرسانپ رکھنے کے الزام میں اداکارہ کے خلاف محکمہ جنگلی حیات نے کارروائی کرتے ہوئے ان کے خلاف چالان مقامی عدالت میں پیش کردیا تھا۔