پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اورسابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اگر موجودہ حکومت سے یہ ملک نہیں چلتا تواس ملک کی جان چھوڑدیں،عوام کے مسائل کا ایک ہی حل ہے کہ اس ملک میں دوبارہ الیکشن ہوں،موجودہ حکومت نے ہر چیزکی قیمت میں اضافہ کردیا ہے،قوم کو پچاس ہزار دوکانیں کھولنے کا کہہ کر عوام کے ساتھ گھناؤنا مذاق کیا جا رہا ہے، پھلتی پھولتی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا گیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پراپنے ویڈیو بیان میں اسحاق ڈارنے کہا کہ آٹے اور چینی کا بحران، بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ اور معیشت کی گروتھ کو ناکام پالیسیوں کی وجہ سے تباہ کرنے کے بعداب عمران نیازی صاحب نے قوم کو نئی امید دی ہے کہ میں 50ہزار دکانیں کھولوں گا، جہاں سے پرچون کی روزمرہ کی اشیا لوگوں کو مہیا ہونگی اورہر دکان کو پانچ لاکھ کا قرضہ دیا جائے گا یعنی کل25ارب روپے کی بات کر رہے ہیں یہ عوام کے ساتھ گھناؤنا مذاق ہے,کب وہ دکانیں کھلیں گی۔
عمران نیازی صاحب کے عوام کے ساتھ 50,000 دکانوں کے نئے فراڈ پر اسحاق ڈار صاحب (@MIshaqDar50) کا تجزیہ۔ مکمل وڈیو اس لِنک پر موجود ہے: https://t.co/h9HihdewCX pic.twitter.com/yCoxu7S0H1
— Ali Dar (@alimdar82) February 13, 2020
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کی مشکلات کا یہ حل نہیں ہے،عوام کے ساتھ ایک اور جھوٹا وعدہ کیا جا رہا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم نے یہ کہا ہے کہ 15ارب روپے کی سبسڈی یوٹیلیٹی اسٹورز پرعوام کو مہیا کی جائے گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کو مشورے دینے والے ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں،اس طرح یہ مسائل کا حل نہیں ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز میں قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے،حکومت کواس نہج پر لے گئے ہیں جہاں اس کو باہر نکالنا 2013سے کہیں زیادہ مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پھلتی پھولتی معیشت پی ٹی آئی کے سپرد کی انہوں نے غلط تجربے کرکے ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے، ہر چیز کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے، انڈسٹری کا گلہ گھونٹ دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے سات ماہ میں تقریباً چارفیصد سے بھی کم برآمدات میں اضافہ کیا، غربت میں 8فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرموجودہ حکومت سے یہ ملک نہیں چلتا تو اس ملک کی جان چھوڑیں، 22کروڑ عوام کی جان چھوڑیں اور مہربانی کرکے دوبارہ الیکشن کا اعلان کریں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا ایک ہی حل ہے کہ اس ملک میں دوبارہ الیکشن ہوں۔