کراچی کے علاقے خالد بن ولید روڈ پر پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 3 میں گھرکی گٹرلائن کی صفائی کے دوران گیس سے متاثر ہوکر دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 کی حالت تشویشناک ہے۔
ایس ایچ او تھانہ فیروز آباد اورنگزیب خان کے مطابق طارق روڈ کے قریب خالد بن ولید روڈ کے قریب علامہ اقبال روڈ پر رہائشی عمارت اوانتی ٹیرس میں ایک گھرکی گٹرلائن بند تھی جسے کھولنے کے لیے پلمبرکام کررہا تھا کہ پلمبرنے گیس لائن میں تیزاب ڈالا جس کے بعد تیز گیس پیدا ہوئی جس سے پلمبربے ہوش ہوگیا۔اس کی مدد کے لیے چوکیدارآیا تو وہ بھی گرگیا۔
ان دونوں کو بچانے کی کوشش کرنے والے تین افراد بھی متاثر ہوئے۔ متاثرہ افراد کو فوری طورپرجناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
جناح اسپتال کی ڈائریکٹرڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق واقعہ سے متاثرہ دو افراد پلمبر ظہیراورچوکیدار یاسین کی لاشیں جناح اسپتال کی ایمرجنسی پہنچائی گئیں جو طبی امداد سے قبل ہی راستے میں جاں بحق ہوچکے تھے جبکہ تین افراد جنت گل، حماداورحنیف کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔