حکومت نے احساس اثاثہ جات پروگرام کے تحت مستحقین میں 60 ہزار روپے مالیت تک کے مویشی،رکشے اورٹھیلے مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے مستحق افراد کو احساس پروگرام کے تحت مفت اثاثہ جات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اس کے تحت غریب ترین افراد کو مقامی سطح پر روزگارفراہم کرنے کا منصوبہ تیارکیا گیا ہے۔ احساس “اثاثہ جات اسکیم” کا باقاعدہ آغاز وزیراعظم 21 فروری کو جنوبی پنجاب سے کریں گے۔
اس پروگرام کے تحت احساس اثاثہ جات پروگرام کے تحت ابتدائی طورپرملک کے 23 اضلاع کی 375 یونین کونسلوں میں 15 ارب روپے تقسیم ہوں گے اورایک لاکھ 76 ہزار خاندان اس سے مستفید ہوں گے۔
پروگرام کے تحت فی خاندان 60 ہزارروپے تک کی گائیں، بکریاں، رکشے اورٹھیلے مفت دیے جائیں گے، اس کے علاوہ انہیں اس حوالے سے ضروری تربیت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ یہ اثاثے ان کے لیے باعزت روزگارکا ذریعہ بنیں۔
احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشترکا کہنا ہے کہ احساس اثاثہ جات پروگرام غریب ترین افراد کے لیے باعزت ذریعہ آمدن بنے گا۔
ابتدائی طورپرمنصوبے میں خیبر پختوخوا کے 10، پنجاب کے 3، سندھ کے 7اور بلوچستان کے 3 اضلاع شامل ہیں، اس سے لاکھوں بے روزگارافراد کو روزگارمیسرآئے گا، مستحقین کا تعین احساس پروگرام کے غربت سروے کے تحت کیا جائے گا۔