فائل فوٹو
فائل فوٹو

ہم امریکہ کے ساتھ معاہدہ کرنے جا رہے ہیں۔ سربراہ حقانی گروپ

حقانی نیٹ ورک کے سربراہ اورافغان طالبان کے ڈپٹی کمانڈر سراج الدین حقانی نے کہا ہے کہ ہم امریکہ کے ساتھ معاہدہ کرنے جا رہے ہیں، اس کی کامیابی کا انحصار امریکہ کی طرف سے وعدوں کی تکمیل پر ہے،اگرامریکا نے وعدے پورے کیے تو تب ہی اس پر پورا اعتماد کر سکتے ہیں اور مستقبل میں امریکا کے ساتھ تعاون حتیٰ کہ شراکت داری کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں لکھے اپنے مضمون میں سراج حقانی نے کہا کہ امریکہ کے حوالے سے بداعتمادی کے باوجود ہم نے امن کے لئے ایک اور کوشش کرنے کا فیصلہ کیاکیونکہ افغانستان میں ہرکوئی جنگ سے تھک چکا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ قتل وغارت کوبند ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی انخلا کے بعد افغانستان میں اتفاق رائے سے حکومت قائم ہوگی۔ انٹرا افغان مذاکرات کے دوران کسی بھی فریق کی طرف سے پیشگی شرائط عائد نہیں ہونی چاہئیں۔ ہم دیگرافغان گروپوں سے مل کر کام کرنے کیلیے پرعزم ہیںتاکہ ایسے سیاسی نظام پراتفاق ہو سکے جس میں کوئی افغان خود کو باہر خیال نہ کرے۔